ملک میں گندم کی درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور کراچی، اسلام آباد اور حیدرآباد میں نرخ سب سے زیادہ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کے نرخ میں سو روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ چھتیس سو روپے کا ہو گیا، جبکہ ایک ہفتے کے دوران بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تین سو چونتیس روپے تک اضافہ سامنے آیا۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں سمیت مختلف شہروں میں بھی بیس کلو آٹے کا تھیلا چھتیس سو روپے تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور میں بیس کلو آٹے کی قیمت ڈھائی سو روپے اضافے سے تین ہزار پانچ سو پچاس روپے اور راولپنڈی میں چھیاسٹھ اعشاریہ چھ چھ روپے اضافے سے تین ہزار پانچ سو تینتیس روپے ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں بیس کلو آٹے کے تھیلے میں تین سو تینتیس روپے کا اضافہ ہوا جس سے قیمت تین ہزار چار سو سڑسٹھ روپے تک جا پہنچی، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی تین سو تینتیس روپے اضافے کے بعد یہ تھیلا تین ہزار چار سو روپے کا ہو گیا۔
دوسری جانب سکھر میں بیس کلو آٹے کی قیمت دو سو اسی روپے بڑھ کر تین ہزار تین سو ساٹھ روپے اور کوئٹہ میں ایک سو دس روپے اضافے کے بعد تین ہزار تین سو تیس روپے تک پہنچ گئی ہے۔







