نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے طرزعمل پر ہے، جبکہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی تنازع کے حل کا واحد راستہ ہیں۔ جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا تھا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے نئے سکیورٹی فریم ورک کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق بلاک سیاست مسائل کا حل نہیں، پاکستان مستقبل میں بھی امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک کا اجلاس آئندہ ماہ جرمنی میں منعقد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ فورم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپ کی حمایت کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی گئی ہے۔







