سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی لیگز اور ڈومیسٹک شرکت کے قواعد جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے قومی کرکٹرز کے لیے غیر ملکی لیگز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے متعلق تفصیلی قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بتایا کہ ٹیسٹ فارمیٹ کے کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ کسی دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، تاہم ٹیسٹ اسپیشلسٹ کرکٹرز کو انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف ون ڈے فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے ساتھ کسی ایک غیر ملکی لیگ میں شرکت کی اجازت ہوگی، جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں کیٹیگریز میں شامل کرکٹرز پی ایس ایل کے علاوہ دو غیر ملکی لیگز کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے ساتھ مزید تین غیر ملکی لیگز کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈیولپمنٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی لیگز میں شرکت ان کی پیشہ ورانہ بہتری سے مشروط رکھی گئی ہے اور پی سی بی خود طے کرے گا کہ ان کی تربیت کے لیے کہاں کھیلنا ضروری ہے۔ اس کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے این او سی کی کوئی لازمی شرط نہیں رکھی گئی اور انہیں ضرورت کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کھلائی جائے گی۔

ڈومیسٹک کرکٹ کی لازمی شرائط بیان کرتے ہوئے عاقب جاوید نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو کم از کم چھ فرسٹ کلاس میچز کھیلنا ہوں گے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کیٹیگری والے کرکٹرز کے لیے دو فرسٹ کلاس یا چار ون ڈے میچز لازمی ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو دو فرسٹ کلاس یا چھ وائٹ بال میچز کھیلنا ہوں گے۔

مزید برآں، ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے لیے آٹھ سے دس ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عاقب جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو معاوضے کی ادائیگی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی مقررہ شرط پوری کرنے کے بعد ہی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed