تبلیغی جماعت پاکستان کی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے رائیونڈ مرکز کے اکابرین نے مولانا احمد بٹلہ کو نیا امیر مقرر کردیا ہے۔ یہ فیصلہ سابق امیر مولانا نذرالرحمٰن کے انتقال کے بعد کیا گیا۔
مولانا احمد بٹلہ طویل عرصے سے تبلیغی جماعت پاکستان کے نائب امیر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ وہ عالمی تبلیغی شوریٰ کے رکن اور رائیونڈ مرکز کے سینئر بزرگوں میں شمار ہوتے ہیں۔
تبلیغی جماعت پاکستان کے سابق امیر مولانا نذرالرحمٰن 16 نومبر 2026 کو 97 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ نومبر 2018 میں حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد جماعت کے چوتھے امیر مقرر ہوئے تھے اور تقریباً آٹھ سال اس منصب پر فائز رہے۔
مولانا احمد بٹلہ کون ہیں؟
مولانا احمد بٹلہ کا تعلق رائیونڈ مرکز سے ہے۔ وہ تبلیغی جماعت کی عالمی شوریٰ کے رکن ہونے کے ساتھ مرکز کے اہم اور سینئر بزرگوں میں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کئی برس تک پاکستان میں تبلیغی جماعت کے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
علمی حوالے سے انہیں شیخ الحدیث کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ ان کے بیانات میں سادگی، اصلاح اور دین کی دعوت جیسے موضوعات کو نمایاں اہمیت حاصل رہتی ہے۔
تبلیغی جماعت کی قیادت کے لیے مولانا احمد بٹلہ کا نام پہلے بھی زیر غور آچکا تھا۔ نومبر 2018 میں حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد ان کی 17 ستمبر 2015 کی وصیت میں جانشینی کے لیے تین شخصیات کے نام تجویز کیے گئے تھے۔
ان ناموں میں مولانا نذرالرحمٰن، مولانا احمد بٹلہ اور مولانا عبیداللہ خورشید شامل تھے۔
حاجی محمد عبدالوہاب کے انتقال کے بعد باہمی مشاورت سے مولانا نذرالرحمٰن کو امیر مقرر کیا گیا تھا جبکہ مولانا احمد بٹلہ نے نائب امیر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
رائیونڈ کے عالمی تبلیغی اجتماع 2026 میں بھی مولانا احمد بٹلہ نے افتتاحی بیانِ عصر کیا تھا۔ ان کے خطاب کا مرکزی موضوع توبہ تھا، جس میں انہوں نے شرکا کو توبہ کی ترغیب دیتے ہوئے کہا تھا کہ توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔







