پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر پائے جانے والے 1916 اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر غیر حاضر اساتذہ سے تحریری وضاحت طلب کریں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں اساتذہ کی غیر حاضری سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو اساتذہ مسلسل غیر حاضر ہیں اور اپنی غیر حاضری کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہیں دے پاتے، ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اساتذہ کی غیر حاضری سے طلبہ کی تعلیم اور تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارروائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ مقررہ مدت کے اندر سیکرٹریٹ کو ارسال کریں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 12 نامزد اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ کی تعداد 1916 ہے، جن میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔
ضلع وار تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 419 اساتذہ غیر حاضر پائے گئے۔ بنوں میں 348، جنوبی وزیرستان اپر میں 243، ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ کی غیر حاضری رپورٹ ہوئی۔
اسی طرح ضلع کرم میں 130، خیبر میں 114، باجوڑ میں 88، مہمند میں 70، اورکزئی میں 66، ٹانک میں 52 جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ غیر حاضر رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں کیڈر کے لحاظ سے بتایا گیا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ میں 620 پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) اور 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 153 سی ٹی اور 121 ایس ایس ٹی جنرل اساتذہ بھی غیر حاضر پائے گئے۔
دوسری جانب سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیر حاضری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر حاضر اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔







