کراچی: جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی محمد فاروق نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کے فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے۔
قرارداد کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایوان اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ طلبہ یونینز جمہوری معاشرے کی بنیادی نرسری، طلبہ و طالبات کی مؤثر نمائندگی کا آئینی و جمہوری حق اور آئندہ قومی قیادت کی تیاری کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ قرارداد میں صوبے میں طلبہ یونینز کی بحالی کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے طلبہ کے جمہوری حقوق کی بحالی کی سمت ایک مثبت اور قابل تحسین اقدام قرار دیا گیا ہے۔
تاہم قرارداد میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی ہے کہ بحالی کے باوجود اب تک سندھ کی کسی بھی سرکاری یا نجی یونیورسٹی اور کالج میں طلبہ یونینز کے باقاعدہ انتخابات منعقد نہیں کیے جا سکے۔ متن کے مطابق محض قانونی اور انتظامی سطح پر بحالی کا اعلان اس وقت تک ادھورا ہے جب تک طلبہ کو اپنے حقیقی نمائندے منتخب کرنے کا عملی اختیار نہ دیا جائے، کیونکہ یونینز کی اصل روح آزادانہ، شفاف اور باقاعدہ انتخابات میں مضمر ہے۔
قرارداد کے ذریعے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے کی تمام سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کے انتخابات کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں، انتخابی شیڈول اور تاریخوں کا اعلان کیا جائے اور پورے صوبے میں انتخابی عمل کا آغاز یقینی بنایا جائے۔







