کراچی: پاکستان اور ترکیہ کے مابین سائنسی اور اسٹریٹجک تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت سمندری حدود میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جدید سیسمک ریسرچ جہاز ’اورُچ رئیس‘ کراچی پہنچ گیا ہے۔
جہاز کی آمد پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے اس تعاون کو ایک نئی اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ سیسمک سروے کسی بڑی دریافت کی حتمی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم اس کے بغیر مستقبل میں کسی بھی ذخیرے کی تلاش ممکن نہیں ہے، اس لیے اس اقدام کو ایک وسیع تر قومی وژن کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ترک وزیر توانائی کو یادگاری سوئینر بھی پیش کیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بحری جہاز کی آمد کو دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکیہ کا یہ جدید ریسرچ جہاز مکران کے ساحلی علاقے کا ٹو ڈی اور پاکستانی سمندری حدود کا تھری ڈی سیسمک سروے انجام دے گا۔ علاوہ ازیں، اس موقع پر معدنیات کی تلاش اور توانائی کے شعبے میں تعاون سمیت تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔







