پشاور میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف آپریشن، دو خطرناک سنیچرز ہلاک، ایک زخمی گرفتار
پشاور: کیپٹل سٹی پولیس نے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے مسلح جرائم پیشہ عناصر اور اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خصوصی آپریشن ’’اسٹریٹ فائٹ‘‘ شروع کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والے مقابلوں کے دوران دو خطرناک سنیچرز ہلاک جبکہ ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ کارروائیاں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی خصوصی ہدایات پر تھانہ پھندو، تھانہ فقیر آباد اور تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں کی گئیں۔ پولیس کے مطابق مقابلوں میں ایسے ملزمان کو نشانہ بنایا گیا جو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس مقابلے کے دوران فقیر آباد کے علاقے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور سرکاری پولیس موبائل پک اَپ کو نقصان پہنچا، تاہم اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ناصر عرف گڑہ ولد مشتاق، سکنہ پھندو، اور زاہد ولد شیر خان، سکنہ چارسدہ حال لعل دین کالونی کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ عبد الرحمن ولد تاج محمد، سکنہ یوسف آباد، کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان خونی راہزنی، ڈکیتی، سرکاری ملازم کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملوں اور آئس فروشی سمیت متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔
مقابلوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بعض دیگر ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق اسٹریٹ فائٹ آپریشن کے دوران اسلحہ اور مسروقہ موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی






