خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچوں کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

پشاور ہائی کورٹ میں خیبرپختونخوا کے 49 لاکھ سے زائد بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کے معاملے پر ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم محمد اسفند یار شیخ نے اپنے وکیل فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کرائی، جس میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور متعلقہ تعلیمی محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں 2023 کی مردم شماری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اسکول سے باہر بچوں کی شرح 37.49 فیصد ہے، جن میں 29 لاکھ 24 ہزار لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔ مزید کہا گیا کہ صوبے کے 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچے کبھی اسکول نہیں جا سکے، جبکہ 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے اسکول میں داخلہ لینے کے بعد اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ گئے۔

درخواست گزار کے مطابق کوہستان، تورغر اور سابق قبائلی علاقوں کے اضلاع میں بچوں کے اسکولوں سے باہر رہنے کی شرح زیادہ ہے۔ درخواست میں آئین کے آرٹیکل 25 اے کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا گیا ہے کہ 5 سے 16 سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں لانے اور ان کے اندراج کے لیے ایک مقررہ مدت پر مشتمل صوبائی ایکشن پلان نافذ کیا جائے۔ اس کے علاوہ غیر فعال اسکولوں کی بحالی، نئے اساتذہ کی بھرتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا حکم دیا جائے، جبکہ تعلیمی بجٹ کے شفاف استعمال کو یقینی بنا کر عملدرآمد کی رپورٹس عدالت میں پیش کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed