جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو شدید الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جہاں کھڑی ہے وہیں رک جائے، بصورتِ دیگر جے یو آئی سڑکوں پر نکلے گی اور ضرورت پڑنے پر جیلوں کا رخ بھی کرے گی۔ پشاور میں مفتی محمود مرکز کے موقع پر نمازِ جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفتی محمود مرکز تجاوزات نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ خود حد سے تجاوز کر رہی ہے اور ملکی سیاست میں مداخلت کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے کیا کام، وہ اپنے آئینی دائرے میں رہے۔مولانا فضل الرحمن نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر چوری کیے جا رہے ہیں اور انہیں نہ صرف چور بلکہ چوری کے مرکز کا بھی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال سے جعلی مینڈیٹ والی حکومت انہیں شامل کرنے اور صوبائی حکومت کی پیشکشیں کرتی رہی، لیکن انکار پر اب فائلوں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی کے پاس اسلحہ یا ڈنڈے نہیں بلکہ وہ سیاسی و آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور نہتے ہاتھوں سے حکومتی طاقت کو شکست دے گی۔ قائد جے یو آئی نے کارکنوں سے عزم لیتے ہوئے کہا کہ سو سال سے زائد کی تاریخ کے امین نوجوان ہر قسم کے انتقامی اقدامات کا مقابلہ کریں گے اور سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے حقوق کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔







