میر علی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں عزم استحکام وژن کے تحت کارروائی کرتے ہوئے خواتین کا بھیس بدل کر فرار ہونے والے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جانب سے علاقے میں خوارج کے خلاف آپریشن جاری تھا جس دوران دہشتگردوں نے رکشے میں زنانہ لباس پہن کر بھاگنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں انجام تک پہنچا دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد خود کو بچانے کے لیے انتہائی اوچھے اور بزدلانہ ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں، جو نہ صرف اخلاقی اقدار کے سراسر منافی ہیں بلکہ خواتین کی حرمت کے استحصال کے بھی مترادف ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سرگرم فتنہ الخوارج کے عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے دوران معصوم شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان دہشتگردوں کے شہری آبادی اور مساجد میں پناہ لینے اور وہاں بارودی مواد چھپانے کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔






