تہران: پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے کہا ہے کہ میزائلوں کی تعیناتی، تعداد، تنصیب کے مقامات یا صلاحیتوں کے حوالے سے ایران کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہے۔
ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں علی بلالی نے بیان دیا کہ حکم ملنے کی صورت میں میزائل صلاحیتوں کو نئے جغرافیائی علاقوں میں بھی استعمال اور تعینات کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، افواج کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں اور جارحیت کی صورت میں دشمن کو جہاں کہیں بھی اس کی موجودگی ہوگی، میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سینئر مشیر کے مطابق مخالفین کو ایرانی میزائلوں کا مقابلہ کرنے میں متعدد دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انہیں ان میزائلوں کے خلاف تھاڈ جیسے کروڑوں ڈالرز مالیت کے دفاعی نظام طویل وقت اور بھاری اخراجات کے ساتھ تیار کرنے پڑ رہے ہیں۔
علی بلالی نے ایران کے مخالفین پر نفسیاتی جنگ مسلط کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ مذاکرات، فوجی ساز و سامان کی منتقلی، گولہ بارود کی نقل و حرکت اور فوجی دھمکیوں جیسے امور اٹھا کر شکوک و شبہات پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک امریکا کے ساتھ تعاون کی قیمت اور اس کے نتائج سے آگاہ ہو چکے ہیں۔







