پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ اور فرسٹ کلاس کرکٹر آفتاب خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، تاہم یہ بہتری زیادہ تر دو طرفہ سیریز تک محدود دکھائی دیتی ہے۔ بڑے عالمی مقابلوں میں ٹیم اکثر توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہتی ہے اور دباو ¿ کو مو ¿ثر انداز میں برداشت نہیں کر پاتی۔ نوجوان کھلاڑیوں کی آمد سے ٹیم میں مثبت تبدیلی آئی ہے، تاہم انہیں جدید کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے کر مزید نکھارنے کی ضرورت ہے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق فیلڈنگ کوچ آفتاب خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جس کا عملی مظاہرہ ملکی کرکٹ مقابلوں اور قومی و بین الاقوامی ٹیموں میں صوبے کے کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی نمائندگی سے ہوتا ہے۔ یہ صوبے کی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم یہاں جدید کرکٹ سے ہم آہنگ مستند اور تجربہ کار کوچز کی کمی ہے، جو نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تکنیک، کھیل کی حکمت عملی اور تربیتی طریقوں سے روشناس کرا سکیں انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں جدید کرکٹ کے تقاضوں سے واقف کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت اور مشقوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو خیبرپختونخوا اور پشاور سے مزید باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں آفتاب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں گزشتہ برسوں کے دوران بہتری ضرور آئی ہے، تاہم عالمی معیار تک پہنچنے کے لیے کئی شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔ بورڈ کی جانب سے اسکول کرکٹ پر توجہ ایک اچھا اقدام ہے، تاہم کلب کرکٹ کو بھی یکساں اہمیت دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں متعدد نامور کھلاڑی کلب کرکٹ سے سامنے آئے اور بعد ازاں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائی۔ اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کلب کرکٹ کے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 مقابلوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ کلبوں کو معیاری میدان، بہتر سہولیات، تربیتی سامان اور مستند کوچز فراہم کیے جائیں تو یہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کوچز کا جدید کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ عالمی سطح کے کوچز کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد، تکنیک، ذہنی مضبوطی اور کھیل کی حکمت عملی کو بہتر بنانے کے لیے کن طریقوں سے کام کرتے ہیں۔ جدید خطوط پر تربیت کے بغیر عالمی سطح پر مضبوط حریفوں کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا سابق کوچ نے کہا کہ بیٹنگ اور باو ¿لنگ میں ہر کھلاڑی کی قدرتی صلاحیت اور مہارت مختلف ہوتی ہے۔ کوئی کھلاڑی بیٹنگ میں بہتر ہوتا ہے تو کوئی باو ¿لنگ میں۔ ایک اچھے کوچ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھلاڑی کی قدرتی صلاحیت کو پہچان کر اسی شعبے میں اس کی مہارت کو مزید بہتر بنائے۔ تمام کھلاڑیوں کو ایک ہی انداز میں تربیت دینے کے بجائے ان کی انفرادی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنا زیادہ مو ¿ثر ہے آفتاب خان نے کہا کہ کرکٹ میں سفارش کا عنصر بعض اوقات سامنے آتا ہے، تاہم محض سفارش کی بنیاد پر طویل عرصے تک آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ کھلاڑی میں حقیقی صلاحیت، مسلسل محنت اور اچھی کارکردگی ہونا بھی ضروری ہے۔ اگر میرٹ اور کارکردگی کو ترجیح دی جائے تو باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے بہتر مواقع مل سکتے ہیں انہوں نے کرکٹ اکیڈمیز اور کلبوں کے قیام کو مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو پیشہ ور کوچز، سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کی نگرانی میں تربیت دی جائے۔ محض اکیڈمی قائم کرنے سے معیاری کھلاڑی پیدا نہیں ہوں گے، بلکہ جدید تربیتی نظام، تجربہ کار کوچز اور مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے اپنے کوچنگ تجربے کے حوالے سے آفتاب خان نے بتایا کہ وہ پاکستان اور قطر کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کر چکے ہیں، جبکہ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے ساتھ پانچ سال خدمات انجام دیں۔ وہ 2017ئ سے پاکستان کی ملکی کرکٹ میں بطور کوچ کام کر رہے ہیں







