ضلع خیبر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران جمرود پولیس نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جمرود نفیس خان کی نگرانی میں زرمت خان شہید چیک پوسٹ تختہ بیگ کے انچارج شیرزلی، صادق خان اور سب انسپکٹر بخت منیر پر مشتمل خصوصی پولیس ٹیم نے نیو بائی پاس شاکس روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ موٹر کار کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 9 کلوگرام چرس اور 2 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی، جس پر کار میں سوار دو ملزمان احمد حسین ولد فضل شیر ساکن اسلام آباد اور عبدالمالک ولد فضل نور ساکن برقمبر خیل باڑہ کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں تھانہ جمرود کی حوالات منتقل کر دیا ہے۔ ایس ایچ او جمرود نفیس خان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک منظم بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ گروہ کے کارندے ہیں جو ملک کے مختلف شہروں کو منشیات سپلائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گروہ کے دیگر ارکان اور نیٹ ورک کی گرفتاری کے لیے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔







