اسلام آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) نے سائبر ہراسانی اور کردار کشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی سابقہ بھابھی کے خلاف ہتک آمیز مواد پھیلانے کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ پر الزام ہے کہ اس نے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز واٹس ایپ اور ٹک ٹاک کا غلط استعمال کرتے ہوئے اپنی سابقہ بھابھی کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹی معلومات اور ہتک آمیز مواد پھیلایا، جس سے متاثرہ خاتون کی عزت اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایجنسی نے تکنیکی شواہد اکٹھے کر کے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے، بلیک میلنگ، کردار کشی اور جھوٹی معلومات پھیلانے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو شہریوں بالخصوص خواتین کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔







