پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد نے صدر ملک انعام الرحمان کی قیادت میں لاہور میں منعقدہ پاکستان انڈسٹریل ایکسپو میں شرکت کی۔وفد میں سینیئر نائب صدر حاجی امجد خان، نائب صدر ہاشم خان، ایگزیکٹیو ممبران شہزاد احمد صدیقی، علی خان، جہانگیر، ملک ظہور اعوان، شریف خان اور دیگر شامل تھے۔ایکسپو میں تقریبا 150 پاکستانی اور چینی کمپنیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پشاور چیمبر کے وفد نے مختلف صنعتی و تجارتی سٹالز کا دورہ کیا اور چائینز کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کرکے کاروباری مواقع، صنعتی تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔صدر ملک انعام الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی و صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ایسی نمائشیں تاجروں اور صنعت کاروں کو نئے کاروباری مواقع فراہم کرنے اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور چیمبر مقامی تاجروں اور صنعت کاروں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنے اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔







