سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی سے مرکزی دفتر پاکستان مسلم لیگ (ن) لورا میں ملمولہ تا دکھن پیسر روڈ کے حوالے سے لورا بازار کے تاجر نمائندگان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفود کی جانب سے ملمولہ تا دکھن پیسر روڈ کی تعمیر اور نگری روڈ سے لورا بازار تک سڑک کی مرمت کے مطالبات پیش کیے گئے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے لورا بازار کے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ نگری روڈ سے لورا بازار تک سڑک کی مرمت کا کام آئندہ 15 دن کے اندر مکمل کروایا جائے گا، جبکہ ملمولہ تا ڈکھن پیسر روڈ کی تعمیر کا کام بھی ان شاء اللہ جلد شروع کروایا جائے گا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈکھن پیسر روڈ کی تعمیر کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مذکورہ سڑک کا پہلے جو ٹینڈر جاری کیا گیا تھا، وہ مطلوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔ تاہم اس اہم عوامی منصوبے کی تکمیل کے لیے متعلقہ فورمز پر بھرپور پیروی کی جائے گی تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔







