غیر قانونی کان کنی، کوہاٹ سانحے سے پہلے حکام کو خبردار کیا گیا تھا, معظم بٹ

اکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور سینئر قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کوہاٹ میں ڈی ایس پی سمیت دس پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ حادثے سے محض ایک روز قبل ہی کوہاٹ میں جاری مبینہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف مائننگ ٹربیونل میں باقاعدہ درخواست دائر کرکے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی اور اس کی روک تھام کی استدعا کی گئی تھی۔معظم بٹ ایڈووکیٹ کے مطابق کوہاٹ کے رہائشی عظمت خان اور دیگر اہل علاقہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں واضح طور پر نشاندہی کی گئی تھی کہ علاقے میں غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کا سنگین خدشہ موجود ہے۔ درخواست موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بعض علاقوں میں غیرقانونی طورپر بغیر کسی حد بندی کے ملی بھگت سے کان کنی جاری ہے جس میں قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مائننگ ٹربیونل سے استدعا کی گئی تھی کہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اور متعلقہ ضلعی حکام سے فوری رپورٹس طلب کی جائیں اور کان کنی کے عمل میں حفاظتی ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے موثر اور فول پروف نظام وضع کیا جائے۔معظم بٹ کا کہنا تھا کہ افسوسناک امر ہے کہ اگر درخواست پر بروقت کارروائی اور موثر فیصلے کیے جاتے تو ممکن ہے اس المناک سانحے سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور مستقبل میں انسانی جانوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed