کراچی میں ایس ایل اے کے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار

 

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی کے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے اور سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں ایس ایل اے کی جانب سے عسکری تربیت فراہم کی گئی تھی جبکہ برآمد ہونے والی آئی ای ڈی اور دستی بم بھی تنظیم نے ہی انہیں دیے تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان اپنے کمانڈر دریا خان کی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور پولیس کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی ریکی مکمل کرلی تھی۔ وہ ان مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔

سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کے خلاف دو مقدمات درج کرلیے ہیں جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات اور انکشافات کی روشنی میں تنظیم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed