امریکہ کی جانب سے حملے روکنے کے اعلان کے باوجودایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی ملک بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعوی کیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں مزید دو ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے، گزشتہ24 گھنٹوں میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ٹینکروں کی تعداد پانچ ہوگئی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ چھ ڈرونز کے ذریعے امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد بحرین کے دارالحکومت منامہ اور اطراف کے علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز اور امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ حملہ اتوار کی صبح کیا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس نے بحرین کے علاقے الرفاع میں واقع ہیلی کاپٹر فوجی اڈے پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنانے کے لیے چھ ڈرونز داغے۔بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کی صبح ممکنہ خطرات سے متعلق دو ہنگامی انتباہات جاری کئے ۔ شہریوں اور رہائشیوں کو پرسکون رہنے اور قریب ترین محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق منامہ کے آس پاس رہنے والے شہریوں نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکی فوجی اڈے یا ریڈار تنصیب کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔دوسر ی جانب آبنائے ہرمز میں مزید دو ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے، چوبیس گھنٹوں میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ٹینکروں کی تعداد پانچ ہوگئی۔ ایرانی خبر رساںادارے نے رپورٹ میں بتایا کہ دو ٹینکروں نے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کی تھی۔ اپنا نیوی گیشن اور خود کار شناخت کا نظام بند کردیا تھا اور اسی دوران یہ دونوں ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگئے۔ سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد ٹینکروں میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے تھے، عملے کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی۔واضح رہے کہ ہفتے کو بھی آبنائے ہرمز میں اسی طرح سپر ٹینکر سمیت تین تیل بردار جہاز تباہ ہوئے تھے۔ امریکی تحفظ میں آبنائے ہرمز کے راستے ایک ارب 70 کروڑ بیرل سے زائد خام تیل منتقل کیا جاچکا ہے







