محمد اکبر ضیا اور سعید سلطان خٹک کی یاد میں ’’شامِ ملال‘‘ کا انعقاد

رپورٹ: ناز پروین

اباسین آرٹس کونسل پشاور کے زیر اہتمام کونسل کے دیرینہ سینئر رکن، ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت اور سابق صدر سرحد چیمبر آف کامرس پشاور، مرحوم حاجی محمد اکبر ضیا سیٹھی، جبکہ ممتاز مصور اور پاکستان ٹیلی ویژن پشاور کے معروف سیٹ ڈیزائنر مرحوم سعید سلطان خٹک کی یاد میں ایک پُروقار تعزیتی تقریب بعنوان ’’شامِ ملال‘‘ منعقد ہوئی، جس میں دونوں مرحومین کی زندگی، خدمات اور ان سے وابستہ یادوں کو تازہ کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کا آغاز قاری شاہد اعظم الازہری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تقریب کی صدارت اباسین آرٹس کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز خان خٹک نے کی، جبکہ ممتاز بزنس مین اور ماہرِ تعلیم خالد سلطان خواجہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مشیرِ ادبیات عزیز اعجاز نے انجام دیے۔ انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں مرحومین کی زندگی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ان کی گراں قدر خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر مرحومین کے عزیز و اقارب رضا علی اور شیما سلطان نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے ان سے وابستہ یادیں شرکائے تقریب کے ساتھ شیئر کیں اور ان کی شخصیت، محبت، خلوص اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مہمانِ خصوصی خالد سلطان خواجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومین اپنی اپنی جگہ منفرد شخصیات کے مالک تھے۔ ان کی زندگی محنت، خلوص، محبت اور اپنے شعبوں سے وابستگی کی روشن مثال تھی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کی اصل پہچان اس کے کردار اور معاشرے کے لیے اس کی خدمات ہوتی ہیں، اور مرحومین نے اپنی صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے ایسی یادیں چھوڑی ہیں جو ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انہوں نے اباسین آرٹس کونسل کی جانب سے دونوں شخصیات کی یاد میں تعزیتی تقریب کے انعقاد کو ایک قابلِ تحسین روایت قرار دیا۔اباسین آرٹس کونسل کے اعزازی سیکرٹری جہانزیب ملک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں مرحومین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات اور یادوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومین نے کونسل کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔مجلسِ عاملہ کی رکن سدرۃ المنتہی نے بھی کونسل کی جانب سے مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اباسین آرٹس کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز خان خٹک نے مرحوم حاجی محمد اکبر ضیا سیٹھی کے ساتھ اپنے خاندان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے ان کی کاروباری کامیابیوں کے ساتھ ساتھ سماجی، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں میں ان کی دلچسپی اور اباسین آرٹس کونسل کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مخلص اور باصلاحیت افراد کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم سعید سلطان خٹک کی فنونِ لطیفہ اور پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے خدمات کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر دونوں مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ ’’شامِ ملال‘‘ دراصل ان دو ایسی شخصیات کی یاد میں ایک محبت بھرا خراجِ عقیدت تھا جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں انمٹ نقوش چھوڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed