وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کی بازیابی کے لیے آئینی درخواست دائر کردی گئی۔
(امانت گشکوری) یہ درخواست رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 175 ای کی شق 3 کے تحت دائر کی گئی ہے، جس میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور آئی جی خیبر پختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی اور جنید اکبر کی حراست غیر قانونی قرار دی جائے اور عدالت متعلقہ حکام کو تینوں رہنماؤں کو پیش کرنے کا حکم دے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت حکام کو تینوں رہنماؤں کے موجودہ مقام اور انہیں حراست میں رکھنے کی وجوہات فوری طور پر ظاہر کرنے کی ہدایت کرے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کو اپنے وکلا اور اہلخانہ تک رسائی، طبی سہولیات اور تشدد سے تحفظ فراہم کیا جائے۔
شاندانہ گلزار کی جانب سے دائر درخواست میں سیاسی مقاصد کے تحت کی جانے والی کارروائی کو اختیارات کا ناجائز استعمال اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکلز 232، 234 اور 245 کے تحت کسی بھی شخص کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کا اختیار حاصل نہیں۔
درخواست گزار کے مطابق گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو جواز بنا کر شہریوں کے بنیادی حقوق سلب نہیں کیے جاسکتے۔







