راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی اینکر ربیعہ احسن کے مبینہ قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ملزم احسن طاہر کے موبائل فون کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم اور مقتولہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے، تاہم میاں بیوی کی گفتگو میں کسی لڑائی جھگڑے یا تنازع کے شواہد نہیں ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم احسن طاہر نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اس نے تقریباً 6 ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا۔ اس نے پستول اور اس کا میگزین الگ الگ جگہوں پر رکھے ہوئے تھے۔
ملزم کے بیان کے مطابق پستول سے میگزین نکالتے وقت ممکنہ طور پر ایک گولی چیمبر میں موجود رہ گئی تھی۔
احسن طاہر نے بتایا کہ واقعے کے روز الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول اس کے ہاتھ لگا۔ چونکہ اس میں میگزین موجود نہیں تھی، اس لیے اسے یقین ہوگیا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔
ملزم کا کہنا ہے کہ اسی یقین کے تحت اس نے مذاق میں ربیعہ کی جانب پستول کا رخ کرکے ٹریگر دبا دیا، تاہم گولی چلنے سے ربیعہ زخمی ہوکر زمین پر گر گئیں اور ان کے جسم سے خون بہنے لگا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے بتایا کہ واقعے کے بعد وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگیا اور فوری طور پر ریسکیو 1122 کو فون کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کے بیان اور واقعے سے متعلق دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔







