پنجاب حکومت نے کوڑا ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے پراپرٹی مالکان پر پابندی عائد کردی ہے کہ ٹیکس ادا کیے بغیر انہیں پراپرٹی کا این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
(علی ساہی) حکومت پنجاب نے کوڑا ٹیکس کی وصولی کے لیے ابتدائی 6 ماہ میں 18 ارب روپے جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم رواں مالی سال کے دوران اب تک صرف ڈھائی کروڑ روپے کی ریکوری ہوسکی ہے۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق کوڑا ٹیکس کی بلنگ کا آغاز یکم ستمبر سے کیا گیا تھا اور 70 روز کے دوران ٹیکس وصولی کے لیے 22 لاکھ بلز بھجوائے گئے۔
محکمہ ایکسائز نے پنجاب بھر میں کوڑا ٹیکس کے بلز کا اجرا رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ افسران کو بھی فیلڈ میں متحرک رہنے اور وصولیوں کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمے کی جانب سے افسران کو پہلی سہ ماہی کے اختتام تک ٹیکس ریکوری بہتر بنانے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق کوڑا ٹیکس ادا نہ کرنے والے پراپرٹی مالکان کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز نے اگلی سہ ماہی کے دوران 36 ارب روپے کی وصولی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔







