پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے شہریوں کو قیمتی موبائل فونز سے محروم کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ کارروائی ڈی ایس پی ٹاؤن سرکل احمد رشید کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ تہکال طارق خان اور چوکی انچارج پلوسی اسد خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ انجام دی۔
پولیس کے مطابق شہزاد ولد نوشاد نامی شہری نے تھانہ تہکال میں اپنا موبائل فون چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس پر مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ پولیس ٹیم نے جدید ذرائع اور تفتیش کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم وصال ولد وقاص خان ساکن پلوسی تہکال کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔
دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں اور پبلک مقامات پر شہریوں سے قیمتی موبائل فونز چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مالِ مسروقہ 2 عدد قیمتی موبائل فونز بھی برآمد کر لیے ہیں، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔







