پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ دو الگ الگ کامیاب کارروائیاں ایس پی فقیر آباد ڈویژن علی حمزہ بٹ کی ہدایات پر ڈی ایس پی فقیر آباد سرکل اعجاز نبی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد کامران مروت نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ انجام دیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں رئیس ولد مقبول ساکن بڈھنی شامل ہے جو اسنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا، جبکہ سمیع اللہ ولد روز محمد ساکن شاہ پل اور اخلاص ولد عالم ریاض ساکن افغان کالونی چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد چھینی گئی موٹرسائیکل اور مالِ مسروقہ سریا بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں دیگر اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔







