افغان ٹریڈ اتاشی مفتی محمد گل سعید نے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے پاکستان چیپٹر کے کوآرڈینیٹر ضیاء الحق سرحدی اور افغان تاجروں کے نمائندے احمد گل زدران سے تعارفی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت اور ٹرانزٹ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاک افغان سرحد کی طویل بندش کا معاملہ خصوصی طور پر زیر بحث آیا۔ بتایا گیا کہ سرحد کی بندش کو تقریباً ایک سال اور 28 دن گزر چکے ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کو مجموعی طور پر تقریباً 2.5 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ملاقات کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کی تاجر برادریوں کے درمیان رابطوں اور روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی اختلافات دور کرنے، مذاکرات کو آگے بڑھانے اور تجارت و ٹرانزٹ سے متعلق زیر التوا مسائل کے عملی حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔
افغان ٹریڈ اتاشی مفتی محمد گل سعید نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے ضیاء الحق سرحدی کی طویل خدمات کو سراہا۔اس موقع پر افغان ٹریڈ اتاشی نے ضیاء الحق سرحدی کو تجارت کے موضوع پر اپنی حال ہی میں تصنیف کردہ اور شائع ہونے والی کتاب بھی بطور تحفہ پیش کی۔
ملاقات کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجارت سے متعلق مسائل کے حل، باہمی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری مذاکرات کے تسلسل کے لیے رابطے برقرار رکھے جائیں گے۔
افغان ٹریڈ اتاشی کی ضیاء الحق سرحدی سے ملاقات







