پشاور سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ انٹرنیشنل جونیئر اسکواش کھلاڑی ماہ نور علی نے اپنی جائز انعامی رقم کی عدم ادائیگی پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انصاف کی اپیل کردی۔
علی سسٹرز میں شامل ماہ نور علی کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل جونیئر اسکواش کھلاڑی کی حیثیت سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ایشین جونیئر سپر سیریز میں چار مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہیں، جبکہ گزشتہ اور رواں برس ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔
ماہ نور علی کے مطابق ان کامیابیوں کے باوجود انہیں تاحال اپنی جائز انعامی رقم نہیں مل سکی، جو ان کے لیے باعث تشویش ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اس کے صدر کے دفتر کے متعدد چکر لگائے، تاہم اب تک انہیں ان کا حق نہیں مل سکا۔
نوجوان اسکواش کھلاڑی کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بیرون ملک سفر، تربیت اور دیگر اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کی کہ ان کی واجب الادا انعامی رقم فوری ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کرسکیں۔
ماہ نور علی نے کہا کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی محنت کا صلہ اور حکومتی سرپرستی نہیں ملے گی تو مستقبل میں کون اس کھیل کو اپنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے آگے آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ صرف اپنا جائز حق اور پاکستان کی نمائندگی جاری رکھنے کے لیے تعاون چاہتی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ ان کی آواز سنی جائے اور ملک کے نوجوان کھیلوں کے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔







