باڑہ شیخان کے علاقے میں پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ تھا اور متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔
حکام کے مطابق دہشت گرد سیف اللہ میدانک کے علاقے میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر براہ راست حملوں اور جمرود کے علاقے علی مسجد میں آئی ای ڈی دھماکوں سمیت کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ 3 سال سے افغانستان فرار تھا اور حال ہی میں دہشت گردوں کی ایک تشکیل کا کمانڈر بن کر تخریب کاری کی غرض سے پاکستان آیا تھا۔
مقابلے کے دوران دہشت گرد کی جانب سے کیے گئے گرینیڈ حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کو معمولی خراشیں آئیں جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے انہیں قوم کا اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ سرزمین کو آخری دہشت گرد سے پاک کرنے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا







