گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر نے شہید اہلکاروں کی عظیم قربانیوں پر انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں اور ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔
گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔







