ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے قریبی علاقے میں واقع تھانہ بندکورائی پر نامعلوم دہشت گردوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب حملہ کیا، جسے پولیس جوانوں نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے بارود سے بھری پک اپ گاڑی تھانے کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے تھانے کا گیٹ اور بیرونی دیوار منہدم ہو گئی جبکہ قریبی مسجد کی عمارت شہید اور آس پاس کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم، تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں کی فوری جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور عمارت کے اندر داخل نہ ہو سکے اور فرار ہو گئے، جبکہ واقعے میں تمام پولیس عملہ محفوظ رہا۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سی ٹی ڈی افتخار شاہ، ایس پی پہاڑپور اقبال خان، ڈی ایس پی ڈیرہ سٹی حافظ محمد عدنان، پولیس کی بھاری نفری اور سیکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔







