پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں کو مسمار کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈبگری گارڈن کے حساس علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے ہسپتالوں، مالیاتی اداروں، بینکوں، اور سرکاری و غیر سرکاری دفاتر کی عمارتوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جن کے خلاف جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو سرکاری اراضی پر قائم کیے گئے جنریٹرز کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ رنگ روڈ پر قائم غیر قانونی کار شورومز اور گرین بلٹس پر قائم کاروباری مراکز کے خلاف بھی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ذاتی ملکیت کے کاروباری مراکز کو بھی متعلقہ قوانین کے تحت ضروری ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے واضح ہدایت کی ہے کہ سرکاری آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی مداخلت یا مزاحمت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور رخنہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف 3 ایم پی او (3 MPO) کے تحت سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا۔





