لاہور کے علاقے یکی گیٹ ایک موریا پل کے قریب ایک دردناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار سرکاری ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 55 سالہ شخص کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے، جو شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بلال نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کو ایدھی رضاکاروں نے فوری طور پر طبی امداد کے لیے نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور حادثے کی جگہ سے تمام ضروری شواہد جمع کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ایدھی کے رضاکاروں نے ضابطے کی کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا۔







