خیبرپختونخوا میں طویل لوڈشیڈنگ اور توانائی کے مسائل کا پائیدار حل نکالنے کے لیے وفاقی اور صوبائی قیادت کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بجلی کی بندش کا نیا اور جدید طریقہ کار طے پایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر منعقدہ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں اب پورے فیڈر کی بجائے ‘ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم’ متعارف کرایا جائے گا تاکہ ایک علاقے کے نقصانات کی سزا پورے فیڈر کے صارفین کو نہ ملے۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، سیکرٹری پاور ڈویژن اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گورنر کے پی کے کے مطالبات پر وفاقی وزیر توانائی نے یقین دہانی کرائی کہ زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا دورانیہ کم کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے امید ظاہر کی کہ اس ریلیف کے بدلے عوام واجبات کی بروقت ادائیگی اور بجلی چوری کے خاتمے میں تعاون کریں گے۔علاوہ ازیں، گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے بھی ملاقات کی، جس میں جدید ابلاغی ذرائع کے موثر استعمال پر گفتگو کی گئی۔ بعد ازاں گورنر کے پی کے نے صوبائی مشیروں اور حکام کے ہمراہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا میں خصوصی اقتصادی زونز، سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔





