آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کارل پلاٹس، اوپرا کے قریب کشمیر کے حق میں ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ کشمیر فریڈم فرنٹ آسٹریا کے چیئرمین پروفیسر ملک شوکت اعوان کی قیادت میں ہونے والے اس مظاہرے کا باقاعدہ آغاز حاجی رانا محمد ادریس کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھ میں پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ بینرز پر بھارتی حکومت اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر پروفیسر ملک شوکت اعوان، سید اظہر شاہ، حاجی رانا محمد ادریس اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
مقررین نے اقوامِ متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی کے حوالے سے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ہی یورپی یونین پر بھی زور دیا گیا کہ وہ بھارتی حکومت کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرے کے دوران ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ اور ‘پاک فوج زندہ باد’ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ مقامی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مظاہرے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے، جبکہ اختتام پر حاجی رانا محمد ادریس نے امتِ مسلمہ بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کے لیے اجتماعی دعا کروائی۔





