اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج مقدمات اور سپریم کورٹ کیسز میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں اسد قیصر، عاطف خان، سردار لطیف خان کھوسہ اور فیصل امین گنڈا پور کی قبل از گرفتاری عبوری ضمانتیں منظور کر لی ہیں۔کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے چاروں رہنماؤں کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 5، 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں 11 فروری تک منظور کی ہیں۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے اسد قیصر کی 9 مقدمات، عاطف خان کی 4 مقدمات، فیصل امین گنڈا پور کی 6 مقدمات جبکہ لطیف کھوسہ کی 3 مقدمات میں ضمانتیں منظور کی ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل عدم حاضری کی بناء پر ان رہنماؤں کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دی گئی تھیں، جس کے بعد ملزمان نے وکلاء کے توسط سے دوبارہ رجوع کرتے ہوئے قبل از گرفتاری ضمانت کی نئی درخواستیں دائر کی تھیں۔







