گورنر کی زیر صدارت جیلوں میں اصلاحات اور ایڈورڈز کالج کی بہتری کے لیے اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبے کی جیلوں میں اصلاحات اور ایڈورڈز کالج پشاور کے انتظامی و تعلیمی امور کی بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوئے۔ جیل اصلاحات اجلاس میں مشیر داخلہ کفایت اللہ اور آئی جی جیل خانہ جات ریحان گل خٹک نے شرکت کی، جبکہ آئی جی جیل نے بتایا کہ ‘خیبرپختونخوا پریزن اینڈ کریکشن ایکٹ 2026’ کا ترمیمی ایکٹ جائزہ کے لیے محکمہ قانون بھجوا دیا گیا ہے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کا تمام ڈیٹا ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے، جبکہ 11 جیلوں میں ورچوئل کورٹس اور 5 میں ماڈل انٹرویو رومز متعارف کرائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مردان، پشاور اور ہری پور میں پریزن انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں قیدیوں کے تشخیصی ٹیسٹوں کے لیے لیبارٹریز کا اشتراک قائم کیا جائے اور صوابی و ڈی آئی خان جیلوں کے فیز ٹو کی تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر کے جیلوں کو سزا کے بجائے اصلاحی اداروں میں تبدیل کیا جائے۔دوسرے اجلاس میں ایڈورڈز کالج پشاور کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ کو انتظامی و تعلیمی معاملات کی بہتری کا ٹاسک سونپا۔ گورنر نے ادارے میں مستقل پرنسپل کی جلد تعیناتی، زیر التوا کمیٹیوں کے اراکین کی فوری نامزدگی، اور مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے مزید کہا کہ کالج کے فنڈز کو بینک آف خیبر منتقل کرنے کے ساتھ ٹیکس مسائل کا ترجیحی حل یقینی بنایا جائے۔ گورنر نے تاکید کی کہ ایڈورڈز کالج کو ڈگری دینے والے ادارے میں تبدیل کرنے کے عملی اقدامات کیے جائیں اور اس کا سابقہ تعلیمی وقار بحال کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر نو سمیت فاسٹ ٹریک پر کام مکمل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed