قائداعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کے شیڈول اور ٹیموں کا اعلان
بابر اعظم لاہور وائٹس اور شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی نمائندگی کریں گے، دونوں کپتان پہلے مرحلے میں مدمقابل ہوں گے
پشاور اور سیالکوٹ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ فرسٹ کلاس مقابلوں میں دو، دو ٹیموں کے ساتھ شریک ہوں گی، مجموعی طور پر 60 میچز کھیلے جائیں گے
شکیل الرحمان، پشاور
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائداعظم ٹرافی 2026-27 کے گولڈ اور سلور مقابلوں کے شیڈول اور ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا 69واں ایڈیشن منگل 3 نومبر سے شروع ہوگا، جس میں ملک بھر کی 20 علاقائی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ گولڈ اور سلور دونوں مقابلوں کو فرسٹ کلاس کا درجہ حاصل ہوگا، جبکہ سلور ٹرافی جیتنے والی ٹیم اگلے سیزن میں گولڈ ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ کے مقابلے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جن میں دفاعی چیمپئن کراچی بلیوز سمیت آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گولڈ ٹرافی کا ابتدائی مرحلہ 3 نومبر سے 12 دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ فائنل 15 سے 19 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
گولڈ ٹرافی میں کراچی بلیوز، فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور بلیوز، ملتان اور سیالکوٹ بلیوز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 29 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ابتدائی راؤنڈ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، جبکہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے۔ دونوں ٹیمیں اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس مقابلے میں قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں کی شرکت شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز ہوگی۔
قائداعظم ٹرافی سلور میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی
قائداعظم ٹرافی سلور کے مقابلے بھی 3 نومبر سے شروع ہوں گے، جن میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سلور ٹرافی کے گروپ میچز 30 نومبر تک جاری رہیں گے، جبکہ دونوں گروپس کی سرفہرست ٹیموں کے درمیان پانچ روزہ فائنل 3 سے 7 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
گروپ اے میں لاہور بلیوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں۔ اس گروپ کے میچز کراچی کے تین میدانوں، کے سی سی اے اسٹیڈیم، ایس بی پی اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس گروپ کے مقابلے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، اسپورٹس کمپلیکس رحیم یار خان اور ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ہوں گے۔
سلور ٹرافی میں مجموعی طور پر 31 فرسٹ کلاس میچز کھیلے جائیں گے۔ یوں گولڈ اور سلور مقابلوں میں مجموعی طور پر 60 میچز منعقد ہوں گے۔
پشاور کی دو ٹیمیں بھی میدان میں اتریں گی
اس سیزن کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ پشاور اور سیالکوٹ کے ریجنز پہلی مرتبہ فرسٹ کلاس مقابلوں میں دو، دو ٹیموں کے ساتھ شرکت کریں گے۔ پشاور بلیوز قائداعظم ٹرافی گولڈ، جبکہ پشاور وائٹس سلور ٹرافی میں حصہ لیں گی۔
پشاور بلیوز کی قیادت قومی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کریں گے۔ ان کے ساتھ صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، افتخار احمد، ماز صداقت، اسرار اللہ، نبی گل اور ساجد خان جیسے کھلاڑی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ عبد الرحمان ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔
پشاور وائٹس کی کپتانی وقار احمد کریں گے۔ اسکواڈ میں محمد محسن خان، محمد عامر برکی، ابوبکر خان، عباس علی، عادل امین، حارث خان، مجتبیٰ خان، محمد الیاس، محمد شعیب آفریدی اور احسان اللہ سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ محمد صدیق ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔
پشاور کی دونوں ٹیموں کی شرکت سے خطے کے کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع میسر آئیں گے







