خیبرپختونخوا کے 32 مرد و خواتین جو جِٹسو کھلاڑی قومی چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔
خیبرپختونخوا جو جِٹسو ایسوسی ایشن کے صدر تحسین جان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مرد و خواتین کھلاڑی 3 سے 8 نومبر تک لاہور میں منعقد ہونے والی 16ویں نیشنل ایڈلٹس اینڈ یوتھ جو جِٹسو چیمپئن شپ 2026 میں شرکت کریں گے، جس میں صوبے کے 32 کھلاڑی مختلف ویٹ اور مقابلوں کی کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحسین جان نے کہا کہ قومی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے منتخب تمام کھلاڑیوں نے ایک ماہ پر مشتمل تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کی ہے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس، تکنیکی مہارت، نظم و ضبط اور مقابلوں میں بہتر کارکردگی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی قومی سطح پر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے صوبے کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے مرد و خواتین کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی محنت، لگن، نظم و ضبط اور سپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیں۔







