کچن کی خوبصورتی میں شیشے کے صاف ستھرے اور چمکدار برتن اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم پانی کے ضدی داغ اور معدنیات کے جمع ہونے سے شیشہ دھندلا دکھائی دینے لگتا ہے۔ چند آسان اور عام گھریلو اشیا کی مدد سے شیشے کے برتنوں کی منٹوں میں صفائی ممکن ہے۔سفید سرکہ سخت پانی کے باعث بننے والے نشانات ختم کرنے کے لیے بہترین دوا ہے؛ برتنوں کو ۵ سے ۷ منٹ کے لیے سرکے میں بھگو کر دھونے سے دھندلاہٹ ختم ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بیکنگ سوڈا میں تھوڑا پانی ملا کر پیسٹ بنانے اور نرم اسفنج سے آہستگی کے ساتھ صاف کرنے سے داغ دور ہو جاتے ہیں۔ تاہم شیشے پر خراشوں سے بچنے کے لیے زیادہ زور سے رگڑنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اخبار سے صفائی کرنے کے بجائے بغیر روئیں والے نرم کپڑے سے برتنوں کو خشک کرنا زیادہ مؤثر رہتا ہے تاکہ سیاہی کے نشانات سے بچا جا سکے۔کھانے اور مشروبات کے پرانے داغوں کے لیے نیم گرم پانی کا استعمال مفید رہتا ہے جس سے داغ نرم پڑ جاتے ہیں، جبکہ لیموں کے رس اور بیکنگ سوڈا کا محلول بھی چمک بحال کرنے کے لیے انتہائی مفید ہے۔ صفائی کے دوران برتنوں کو اچانک گرم یا ٹھنڈے پانی میں ڈالنے سے بچنا چاہیے تاکہ شیشہ چٹخ نہ سکے، اور مختلف کیمیکلز کو آپس میں ملانے سے گریز کرنا چاہیے۔







