نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) پشاور نے غیر قانونی آن لائن لون (قرض) ایپس کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے پشاور کی ٹیم نے ضلع شانگلہ میں ایک کارروائی کے دوران چھاپہ مار کر ان ملزمان کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران 30 سے زائد لیپ ٹاپس، جدید موبائل فونز، ہزاروں شہریوں کا حساس ذاتی ڈیٹا اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان غیر قانونی آن لائن ایپس کے ذریعے شہریوں کو مالی جال میں پھنساتے تھے اور بعد ازاں نامناسب کالز، گالی گلوچ اور بلیک میلنگ کے ذریعے انہیں ہراساں کر کے رقم وصول کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے پشاور نے ملزمان کے خلاف پیکا (PECA) ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔







