نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) پشاور نے آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور سنگین بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جو نجی ویڈیوز کے ذریعے شہری سے لاکھوں روپے ہتھیا چکا تھا۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری نے این سی سی آئی اے کو شکایت درج کروائی تھی کہ ملزم واٹس ایپ کے ذریعے اس کی ذاتی و نجی ویڈیوز وائرل کرنے اور سوشل میڈیا پر نشر کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ملزم نے ان بلیک میلنگ کے ذریعے وقت کے ساتھ ساتھ مدعی سے تقریباً 57 لاکھ (5.7 ملین) روپے کی خطیر رقم بھتے کے طور پر وصول کی۔
این سی سی آئی اے پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے موبائل فون بحقِ سرکار تحویل میں لے لیا گیا ہے، جس میں بلیک میلنگ اور وائرل مواد سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد موجود ہیں۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف پیکا (PECA) ایکٹ 2016 اور پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید باریک بینی سے تفتیش جاری ہے تاکہ اس بلیک میلنگ نیٹ ورک میں شامل دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔







