انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (IGFC) خیبر پختونخوا (نارتھ) میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے شہید پولیس ڈی ایس پی عمران الدین خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے سوگوار اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آئی جی ایف سی کے پی (نارتھ) نے شہید ڈی ایس پی عمران الدین خان کی بہادری، شاندار خدمات اور وطن کی خاطر دی گئی لازوال قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء قوم کا حقیقی فخر ہیں اور ان کے پسماندگان و اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال ہماری اولین ترجیح اور قومی فرض ہے۔
میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے شہید کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے واضح کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ایسے سخت وقت میں ان کے خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔







