پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی منابت سے پاکستان میں چین کے کلچرل سینٹر کے زیرِ اہتمام قائد اعظم یونیورسٹی (QAU) اسلام آباد کے ارتھ سائنسز آڈیٹوریم میں "چائنہ فلم ویک” کا پروقار اور شاندار آغاز ہو گیا۔
افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں سمیت 800 سے زائد افراد نے شرکت کی، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط ثقافتی روابط اور چینی ثقافت میں عوام کی گہری دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ فلمیں اور سینما بین الثقافتی ہم آہنگی کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر پل کا کردار ادا کرتے ہیں، جو کسی بھی قوم کے جذبے کو بہتر انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔
فلم ویک کے دوران دو عالمی شہرت یافتہ اور ایوارڈ یافتہ چینی فلمیں "دی بیٹل ایٹ لیک چانگ جن” (The Battle at Lake Changjin) اور "ہوم کمنگ” (Home Coming) کی نمائش کی گئی۔ پہلی فلم میں قربانی، بھائی چارے اور حب الوطنی کے جذبے کو دکھایا گیا جسے شائقین نے بے حد سراہا، جبکہ دوسری فلم میں سفارتکاروں کی جانب سے جنگ زدہ علاقے سے اپنے شہریوں کے انخلاء کی کٹھن جدوجہد کو موضوع بنایا گیا۔
نمائش کے اختتام پر پاکستانی طلبہ اور نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان فلموں نے انہیں چینی قوم کی جدوجہد اور استقامت کو قریب سے سمجھنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے، جو پاکستانی قوم کے جذبہِ حریت سے گہری مشابہت رکھتا ہے۔







