عدنان بشیر خان سے
خیبر پختونخوا پولیس نے روایتی پولیسنگ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور سیکورٹی نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے صوبہ بھر میں موجود اینٹی
ڈرون سسٹمز اور سرویلنس ڈرونز کو سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پشاور سے منسلک کر دیا ہے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹیز خیبر پختونخوا، ڈی آئی جی اعجاز احمد نے سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پشاور میں میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اہم کامیابی آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور خصوصی دلچسپی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت اور ٹانک سمیت متعدد جنوبی و حساس اضلاع میں جدید اینٹی ڈرون سسٹمز نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ دور افتادہ علاقوں میں فیلڈ پولیس کو اینٹی ڈرون گنز فراہم کی گئی ہیں۔
اس جدید نظام کے تحت دشمن کواڈ کاپٹرز اور ڈرونز کی بروقت نشاندہی اور انہیں غیر موثر بنانے کی صلاحیت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، صوبے بھر میں پولیس آپریشنز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی کارروائیوں کے دوران سرویلنس ڈرونز سے حاصل ہونے والی لائیو ویڈیو اور مانیٹرنگ براہِ راست مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پشاور سے ممکن
ہوگی، جبکہ ڈرونز کو وہیں سے کنٹرول بھی کیا جا سکے گا۔
ڈی آئی جی اعجاز احمد نے مزید بتایا کہ دور دراز اور حساس علاقوں میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاکستان کے قومی خلائی ادارے ‘سپارکو’ (SUPARCO) کے تعاون سے اقدامات جاری ہیں تاکہ تمام فیلڈ کارروائیوں کو بلا تعطل مرکزی نظام سے جوڑا جا سکے۔







