پشاور کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری ، پشاور ناردرن بائی پاس کا پہلا پیکیج 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تکمیل کیلئے کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے، اور اس کے ساتھ ہی تکمیل کی تاریخ بھی سامنے آ گئی ہے۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کے پہلے پیکیج کی تعمیر 100 فیصد مکمل کر لی گئی ہے۔خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے کی مجموعی تکمیل کے لیے 31 جنوری 2027 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ مختلف پیکیجز پر تعمیراتی کام مختلف مراحل میں جاری ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق منصوبے کے پیکیج ون کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ چارسدہ روڈ فلائی اوور پر 27 فیصد، پیکیج ٹو پر 81 فیصد، پیکیج تھری اے پر 93 فیصد اور پیکیج تھری بی پر 79 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔پیکیج ٹو میں چارسدہ روڈ سے پشاور کینال ملزئی تک تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ چارسدہ روڈ فلائی اوور کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق پیکیج تھری بی کے تحت ناصر باغ سے تختہ بیگ تک سڑک کی تعمیر جاری ہے، جبکہ سات سپین پر مشتمل زیر تعمیر پل پر بھی کام تیز کر دیا گیا ہے۔پل کے گِرڈرز کی کاسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور سٹریسنگ کا کام جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے گِرڈرز نصب کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کی تکمیل کے لیے 31 جنوری 2027 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث اب تک متعدد اہم مراحل مکمل کیے جا چکے ہیں۔







