پرتگال کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فرانس فٹبال کی جانب سے کرائے گئے ایک خصوصی پول میں اپنے روایتی حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بیلن ڈی اور کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر متعارف کرائے گئے "بی او اے ٹی” ایوارڈ کے لیے شائقین نے ووٹنگ میں حصہ لیا، جس میں رونالڈو کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ 2008 کا شاندار سیزن بیلن ڈی اور جیتنے والے تمام سیزنز میں سرفہرست رہا۔
اس ووٹنگ میں ارجنٹائن کے لیونل میسی کا 2012 کا تاریخی سیزن، جس میں انہوں نے ریکارڈ 91 گول کیے تھے، دوسرے نمبر پر رہا۔ جب کہ رونالڈو کا ریال میڈرڈ کے ساتھ 2017 کا سیزن تیسری پوزیشن پر آیا۔ رونالڈو نے 2007-08 سیزن کے دوران تمام ٹورنامنٹس میں 42 گول داغ کر اپنی ٹیم کو پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ کی ٹرافیاں دلوانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
تاہم، اس انتخاب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ فی ووٹ ایک یورو فیس عائد کی گئی تھی اور شائقین کو بار بار ووٹ ڈالنے کی اجازت حاصل تھی۔ منتظمین کی جانب سے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد نے ایک سے زیادہ مرتبہ ووٹ ڈالے۔ یہ اعزاز خالصتاً عوام کی پبلک ووٹنگ کا نتیجہ ہے اور یہ کوئی باضابطہ بیلن ڈی اور یا سپر بیلن ڈی اور ایوارڈ نہیں ہے۔







