ائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا واصل خان نے صبح سویرے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف وینیوز، صفائی ستھرائی کے انتظامات، دستیاب سہولیات اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ نعمت اللہ مروت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اشفاق، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ایڈمنسٹریٹر عابد آفریدی اور یوسف آفریدی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈی جی سپورٹس کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران مستقل اور ڈیلی ویجز عملے کی بائیو میٹرک و فزیکل حاضری کی خود چھان بین کی گئی، جس پر ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے جانے والے ملازمین کے خلاف موقع پر ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس واصل خان نے مختلف کھیل کے میدانوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامی امور کو مزید مستحکم بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مراکز کھلاڑیوں اور عوام کی امانت ہیں، جہاں صفائی اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فرائض میں سستی یا غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور صوبے بھر کے اسپورٹس کمپلیکسز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سرپرائز وزٹس کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔







