پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران اپنے ون ڈے کیریئر کی 150 وکٹیں مکمل کر کے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے تیز ترین پاکستانی فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے میچ میں شاہین آفریدی نے انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کر کے اپنی 150ویں وکٹ حاصل کی۔ انگلش بیٹر گزشتہ چار میچز میں مسلسل چار نصف سنچریاں اسکور کر چکے تھے، لیکن شاہین کی فل لینتھ گیند پر کور کے مقام پر کیچ دے بیٹھے۔
شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں یہ کامیابی حاصل کی، جس سے انہوں نے سابق فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 91، 91 میچز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا۔
مجموعی طور پر پاکستانی بولرز میں شاہین آفریدی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق 78 میچز کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ عالمی سطح پر شاہین مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں، جہاں نیپال کے سندیپ لامیچھانے 73 اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 77 میچز میں اس مقام پر پہنچے۔







