کراچی میں ٹریفک حادثات کے دوران فوڈ رائیڈر سمیت دو جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں فوڈ ڈلیوری رائیڈر سمیت دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں پیش آنے والے حادثے میں ملوث گاڑی میں سوار چار نوجوانوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 28 سالہ امتیاز نامی فوڈ رائیڈر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کا تعلق اورنگی ٹاؤن سے تھا اور وہ اپنے کام کا آخری آرڈر پہنچانے جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا، جس میں حادثے کے وقت گاڑی چلانے والے اذان نامی ملزم کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ گاڑی میں موجود دیگر تین ساتھیوں کو بھی تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسرا حادثہ رضویہ تھانے کی حدود میں نیو گولیمار کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر 35 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم اس کی فوری شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔

علاوہ ازیں شاہ لطیف ٹاؤن میں عبداللہ گوٹھ کے قریب ایک اور سڑک حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed